حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، صدر مملکت ایران حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور ان کے وفد سے تہران میں ہونے والی ملاقات میں فلسطین کے مزاحمتی محاذ کی حالیہ کامیابیوں کی مبارکباد پیش کی اور کہا: ان کامیابیوں نے ظاہر کر دیا ہے کہ آج مزاحمتی تحریک ہر دور سے زیادہ طاقتور اور مضبوط اور اس محاذ کے دشمن ہر زمانے سے زیادہ کمزور پوزیشن میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: مزاحمتی محاذ کی کامیابیوں نے یہ بھی ظاہر اور ثابت کر دیا کہ صیہونی اپنی دفاعی طاقت کی جو تصویر دکھانے کی کوشش کر رہے تھے وہ حقیقی نہیں ہے۔
ایرانی صدر کہا: قدس کی آزادی عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ہم صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی ہر قسم کوششوں کو مزاحمتی تحریک کی پشت میں خنجر گھونپنے کے مترادف سمجھتے ہیں۔
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی اس ملاقات میں جمہوریہ اسلامی ایران کی جانب سے قدس کی آزادی کی مسلسل حمایت پر اپنی اور فلسطینی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: فلسطین میں مزاحمتی محاذ کی ایک بڑی اور اہم کامیابی تمام جہادی گروہوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی اور ہم آہنگی کا ہونا ہے